امریکا نے کینیڈا کی الکوحل، ڈیری اور موٹرسائیکلوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی بعض الکوحل مصنوعات، ڈیری مصنوعات اور موٹرسائیکلوں پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا اطلاق 29 ستمبر سے ہوگیا ہے۔
یہ اقدام امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تجارتی تنازع میں تازہ پیش رفت ہے۔ امریکی انتظامیہ نے یہ پابندیاں کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد متعارف کرائی تھیں۔
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کے مطابق واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ کینیڈا کی تجارتی پالیسیوں کے جواب میں یہ اقدامات ضروری تھے۔ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے مطابق نئی پابندیوں کے ساتھ بعض کینیڈین مصنوعات کو امریکی حکومت کی خریداری کی فہرستوں سے بھی خارج کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پابندیوں کا دائرہ زیادہ تر کینیڈین الکوحل مصنوعات، بعض ڈیری مصنوعات اور موٹرسائیکلوں تک ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے پہلے ہی ایک دوسرے کی مصنوعات پر مختلف ٹیرف عائد کیے جا چکے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں فی الحال فوری پیش رفت کی توقع نہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رابطے مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ کینیڈین حکومت بھی امریکی منڈی پر انحصار کم کرنے کے لیے دیگر عالمی تجارتی شراکت داریوں پر توجہ دے رہی ہے۔



