پنجاب میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کی پابندی عائد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے بھی مخصوص اجازت کے تحت ڈرون استعمال کیے جاسکیں گے۔
ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت کے لیے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کی تحریری اجازت حاصل کرنے والے افراد یا اداروں کو ڈرون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت عائد کی گئی ہے، جبکہ پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔



