حنا جاوید قتل کیس، پنجاب حکومت نے ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دے دی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کریں گے، جبکہ ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن راولپنڈی سیف اللہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی، جہاں جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ اب تک ہونے والی تفتیش، دستیاب شواہد اور کیس میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس کو کیس سے متعلق فرانزک رپورٹس موصول ہوچکی ہیں، جن میں پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے۔ کمیٹی نے مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ حنا جاوید کو 21 اگست کو راولپنڈی میں ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے۔ مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔
حنا جاوید کے اہلخانہ نے پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو بھی خطوط ارسال کیے تھے۔



