مری میں سکول وین حادثے کا شکار، آگ لگنے سے ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی

مری(جانوڈاٹ پی کے) مسیاڑی لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، حادثے کے بعد گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق وین میں سرکاری و نجی سکولوں کے بچے سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر گاڑی سے باہر نکال لیا۔

ریسکیو ٹیم نے زخمی بچوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں سول ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔ فائر فائٹنگ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ پر بھی قابو پالیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق حادثے میں بیشتر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر مری بھی سول ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button