ایم ڈی کیٹ 2026: سندھ کے ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی طالبعلم شامل نہ ہوسکا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج کے مطابق سندھ کے ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی امیدوار جگہ نہیں بنا سکا۔

سندھ بھر سے مجموعی طور پر 33 ہزار 336 امیدواروں نے میڈیکل اینٹری ٹیسٹ میں شرکت کی، جن میں 20 ہزار 831 طالبات اور 12 ہزار 505 طلبہ شامل تھے۔

نتائج کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا سب سے زیادہ سکور 179 نمبر رہا، جبکہ امیدواروں کا اوسط سکور 101.27 ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر میں 16 ہزار 507 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کرگئے، جبکہ 19 ہزار 323 امیدوار بی ڈی ایس کے لیے اہل قرار پائے۔

کراچی ڈویژن سے 9 ہزار 505 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 492 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔ کراچی ڈویژن میں کامیابی کا تناسب 57.78 فیصد رہا۔

ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق کراچی ایسٹ سے 2 ہزار 927 جبکہ کراچی سینٹرل سے 2 ہزار 141 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ کراچی ایسٹ سے سب سے زیادہ 1 ہزار 815 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

مزید برآں سندھ میں ایم ڈی کیٹ دینے والے 42.04 فیصد امیدوار مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکے، جبکہ مجموعی نتائج میں طالبات کی تعداد طلبہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی۔

مزید خبریں

Back to top button