اٹلی کے ضمنی انتخاب میں میلونی کی اتحادی جماعت کامیاب

روم(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کے جنوبی علاقے کیلِبریا میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں وزیراعظم جارجیا میلونی کی حکمران دائیں بازو کی اتحادی جماعت نے اہم نشست حاصل کرلی، حکومتی اتحاد کے امیدوار فابیو روسیولی نے 51.02 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔
یہ انتخاب سابق فوجی جنرل رابرٹو وانناچی کی نئی جماعت ’’فوتورو ناتسیونال‘‘ کے لیے بھی اہم انتخابی امتحان تھا۔ وانناچی کی جماعت کے امیدوار ڈومینیکو جیانیتا نے تقریباً 11 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
رائٹرز کے مطابق وانناچی کی جماعت کو حالیہ رائے عامہ کے جائزوں میں تقریباً 9 فیصد حمایت حاصل ہو رہی تھی، جبکہ ضمنی انتخاب میں اس کے امیدوار نے تقریباً 10 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ تقریباً 22 فیصد رہا۔
اٹلی میں آئندہ عام انتخابات 2027 میں متوقع ہیں، جس کے باعث کیلِبریا کا ضمنی انتخاب ملکی سیاست میں دائیں بازو کے مختلف دھڑوں کی حمایت جانچنے کے حوالے سے توجہ کا مرکز بنا رہا۔ وانناچی کی جماعت کے بڑھتے ہوئے ووٹ بینک نے میلونی کے سیاسی اتحاد کے اندر مستقبل کے ممکنہ انتخابی تعاون اور اختلافات سے متعلق بحث کو بھی نمایاں کیا ہے۔



