پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم قلب منایا جا رہا ہے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 29 ستمبر کو عالمی یوم قلب منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد دل کی صحت کی اہمیت اجاگر کرنا اور عوام کو قلبی امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

عالمی یوم قلب ہر سال 29 ستمبر کو منایا جاتا ہے، اس موقع پر مختلف آگاہی پروگرامز کے ذریعے دل کے امراض کی وجوہات، علامات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، موٹاپا، تمباکو نوشی اور غیر صحت بخش خوراک دل کے امراض کے خطرات میں اضافہ کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، تمباکو نوشی سے پرہیز اور بروقت طبی معائنے کے ذریعے دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری یا دل سے متعلق دیگر علامات کو معمولی نہ سمجھیں اور بروقت طبی امداد حاصل کریں۔

ماہرین کے مطابق قلبی امراض دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں اور بعض اوقات دل کی بیماری واضح علامات کے بغیر بھی سنگین صورتحال پیدا کر سکتی ہے، اس لیے بروقت تشخیص اور احتیاطی اقدامات انتہائی اہم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button