خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔



