جماعت اسلامی کے مطالبات پر وزیراعظم نے ورکنگ پلان طلب کرلیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر ورکنگ پلان طلب کرلیا، متعلقہ وزارتوں سے تجاویز موصول ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر متعلقہ وزارتوں سے جماعت اسلامی کے مطالبات پر عملدرآمد کے حوالے سے ورکنگ پلان طلب کیا گیا ہے، جبکہ حکومتی کمیٹی نے مذاکرات کے دوران ممکنہ آپشنز بھی تیار کرلیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کے اہم مطالبات میں شامل ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی میں 35 سے 40 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ پیش کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں کمی کے مطالبے پر مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ وزارتوں کی تجاویز سامنے آنے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے ممکنہ اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی کی آئندہ ملاقات میں عوامی ریلیف کے اقدامات، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دیگر مطالبات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button