امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی نئی کوشش، قطر ثالثی کرے گا

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور جاری تنازع کے خاتمے کے لیے بالواسطہ مذاکرات کی نئی کوشش سامنے آگئی، قطر کے ثالث دونوں ممالک سے الگ الگ مذاکرات پیر یا منگل کو کریں گے۔

رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار نے بتایا کہ قطری ثالث نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے جبکہ امریکی فریق سے بھی الگ بات چیت کی جائے گی۔

مذاکرات میں ایران کی جانب سے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر پیش کی گئی سات روزہ تجویز کے ترمیم شدہ مسودے پر توجہ مرکوز کیے جانے کا امکان ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد بدستور نیویارک میں موجود ہیں۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ثالثوں کے ساتھ مذاکرات میں امریکی جانب سے کون نمائندگی کرے گا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ISNA نے بعد ازاں تصدیق کی کہ عراقچی پیر کی صبح نیویارک کے وقت ثالثوں سے ملاقات کریں گے اور فریقین موجودہ صورتحال سے متعلق تازہ تجاویز اور مؤقف کا جائزہ لیں گے۔ایران کی سات روزہ تجویز میں ایران اور لبنان میں تمام دشمنانہ کارروائیاں روکنے، ایرانی اثاثے منجمد کرنے کے خاتمے، ایرانی تیل پر پابندیاں اٹھانے اور ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ اس کے بدلے تہران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جوہری پروگرام پر مذاکرات بحال کرنے کی پیشکش کی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز ایرانی تجویز مسترد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اتوار کو انہوں نے کہا کہ امریکی مذاکرات کار رواں ہفتے مزید بات چیت کریں گے۔ دوسری جانب عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران امریکی مؤقف کے حتمی جواب کا منتظر ہے اور آبنائے ہرمز کھولنے سمیت آئندہ اقدامات ایران کی شرائط سے منسلک ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button