ایف آئی اے ایکٹ، پینل کوڈ اور ضابطۂ فوجداری میں ترامیم،اہم پیشرفت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور نے مختلف قوانین میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور کا اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کیے گئے مختلف قانونی اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ مختلف معاملات میں ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کی جائیں۔
کمیٹی نے ایف آئی اے ایکٹ 1974، پاکستان پینل کوڈ 1860 اور ضابطۂ فوجداری 1898 میں مجوزہ ترامیم کو ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط کرتے ہوئے منظور کرلیا۔
اسی طرح سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترامیم کی بھی ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں امیگریشن رولز 1979 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی دے دی گئی، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2026 کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔دوسری جانب کمیٹی نے نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت اوورلوڈنگ پر جرمانوں میں اضافے کی تجویز واپس لے لی۔



