آبنائے ہرمز پر ایران کے مکمل کنٹرول کا دعویٰ مسترد، امریکا کا بڑا اعلان

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے آبنائے ہرمز پر ایران کے مکمل کنٹرول کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم بحری گزرگاہ میں تجارتی آمدورفت جاری ہے اور امریکی و اتحادی افواج جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت میں معاونت کر رہی ہیں۔سینٹکام کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی بحری فورس کی جانب سے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کے دعوے کے برعکس گزشتہ دو ماہ کے دوران ایک ارب سے زائد بیرل خام تیل آبنائے سے گزارا جاچکا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں امریکی افواج نے 2 ہزار سے زائد تجارتی بحری جہازوں کی نقل و حرکت میں مربوط حفاظتی معاونت فراہم کی، جبکہ آبنائے کے اہم بحری راستوں کو بارودی سرنگوں سے پاک رکھا گیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق آبنائے ہرمز سے تیل، مائع قدرتی گیس اور دیگر تجارتی سامان کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس راستے سے گزرنے والی توانائی اور تجارتی ترسیلات چھ ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں۔امریکی کمانڈ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری صلاحیت کو امریکی فوجی کارروائیوں سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ تاہم ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول اور بحری صلاحیت برقرار رکھنے کے دعوے بدستور موجود ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے مؤقف میں واضح اختلاف برقرار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button