ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر پابندی،پاکستان کا نام بھی استعمال نہیں ہوسکے گا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کو آئندہ ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں ملے گی جبکہ کسی بھی ٹیم کو پاکستان کا نام استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا تیسرا سیزن 3 سے 18 اکتوبر 2026 تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے، جس میں موجودہ پروگرام کے مطابق پاکستان چیمپئنز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان چیمپئنز کو 10 اکتوبر کو دبئی میں انڈین چیمپئنز کے خلاف بھی میدان میں اترنا تھا، تاہم تازہ رپورٹس کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت اور ٹیم کے نام کے استعمال سے متعلق صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا پس منظر گزشتہ سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پیدا ہونے والی صورتحال ہے، جب بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے 2025 میں فیصلہ کیا تھا کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے آئندہ ایونٹس میں پاکستان کا نام استعمال کرنے کے لیے بورڈ کی اجازت ضروری ہوگی۔
دوسری جانب ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی موجودہ آفیشل ویب سائٹ پر تاحال پاکستان چیمپئنز کو 2026 کے ایونٹ کی ٹیموں میں شامل دکھایا جا رہا ہے، اس لیے تازہ فیصلے کے عملی نفاذ اور حتمی ٹیم فہرست میں تبدیلی کی مزید تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔



