قطر ایئرویز کی پرواز جموں میں لینڈ کرگئی؟ سیالکوٹ ایئرپورٹ نے حقیقت بتا دی

سیالکوٹ (جانو ڈاٹ پی کے) قطر کے دارالحکومت دوحہ سے سیالکوٹ آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز کے مبینہ طور پر بھارت کے شہر جموں میں لینڈ کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے آنے کے بعد سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کردی۔

رپورٹس کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ سافٹ ویئر فلائٹ ریڈار 24 پر قطر ایئرویز کی مذکورہ پرواز کی لوکیشن غلط طور پر جموں کے قریب ظاہر ہوئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ تاثر پھیل گیا کہ سیالکوٹ جانے والی پرواز نے بھارت میں لینڈ کیا ہے۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز 27 ستمبر کی صبح دوحہ سے سیالکوٹ پہنچی اور مقررہ شیڈول کے مطابق دوبارہ دوحہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ فلائٹ ریڈار 24 پر پرواز کی غلط لوکیشن تکنیکی خرابی اور جی پی ایس معلومات میں غلطی کے باعث ظاہر ہوئی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مذکورہ پرواز نے جموں، بھارت میں لینڈ نہیں کیا بلکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی لینڈنگ کی تھی، جس کی تصدیق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ریڈار سسٹم سے بھی کی جاسکتی ہے۔

یوں سیالکوٹ ایئرپورٹ کی وضاحت کے بعد قطر ایئرویز کی پرواز کے جموں میں اترنے سے متعلق دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے، جبکہ پرواز کی لوکیشن غلط دکھائی دینے کی وجہ تکنیکی اور جی پی ایس معلومات کی خرابی بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button