معتبر معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی کے موقع پر شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں شہری اسی وقت عوامی زندگی میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں جب انہیں بروقت، معتبر اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی حاصل ہو۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقِ معلومات کی واضح ضمانت فراہم کرتا ہے۔ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین میں آرٹیکل 19-اے شامل کیا گیا، جس کے تحت ہر شہری کو عوامی اہمیت کے معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، تاہم یہ حق قانون کے تحت عائد ضوابط اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر معلومات تک رسائی کا قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقہ کار کو تیزی سے تبدیل کردیا ہے۔
صدر مملکت کے مطابق موجودہ دور کا چیلنج صرف معلومات کی دستیابی نہیں بلکہ شہریوں کو قابلِ اعتماد معلومات اور جھوٹی، گمراہ کن یا مصنوعی طور پر تبدیل شدہ معلومات کے درمیان فرق کرنے کے قابل بنانا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستی و غیر ریاستی عناصر، دہشت گرد اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس جبکہ طاقتور ٹیکنالوجی کمپنیاں معلومات کو مسخ کرکے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایسی صورتحال میں صحافیوں، میڈیا اداروں، ابلاغی ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے، جو شہریوں کو تیزی سے بدلتے ہوئے معلوماتی ماحول میں درست اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی میں مدد دے سکتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے زور دیا کہ غلط اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کی کوششیں عوامی مفاد میں صحافت، منصفانہ تنقید اور بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہیں بننی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دارانہ ابلاغ ناگزیر ہے، جبکہ شہریوں کو بالخصوص ان معاملات پر معتبر ذرائع سے قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جانی چاہئیں جو براہِ راست ان کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔



