سٹے بازی کے خلاف آواز اٹھانے پر کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں، سرفراز نواز

لندن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ جوئے اور سٹے بازی کے خلاف بولنے پر انہیں کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔
لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لندن میں نیشنل کرائم ایجنسی کو سٹے بازی اور جوئے کے ثبوت بھی پیش کیے۔
سرفراز نواز نے بتایا کہ وہ اپنی نئی کتاب میں جوئے اور سٹے بازی سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے۔
سابق فاسٹ بولر نے کھیلوں میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف اپنے مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان عناصر کے خلاف تنہا کھڑے رہے جو اپنے مفادات کے لیے کھیلوں کو خاموشی سے اپنے طریقے سے چلاتے رہے۔
78 سالہ سرفراز نواز پاکستان کی جانب سے 55 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 177 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ 86 رنز کے عوض 9 وکٹیں رہی۔
انہوں نے ٹیسٹ میں 1,045 رنز بھی بنائے، جن میں چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل میں سرفراز نواز نے 45 میچز کھیلے اور 63 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا بہترین بولنگ اسپیل 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہا۔



