شہبازشریف کی بنگلہ دیش کے وزیراعظم سے ملاقات،دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں وزرائےاعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر بنگلہ دیش کو مبارکباد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کی کاو شوں کی حمایت کو دہرایا۔وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے بھی جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائےاعظم نے تجارت، سرمایہ کاری تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں مسلسل رابطہ و تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button