پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی مشاورت کا پانچواں دور، اہم امور پر اتفاق

کوپن ہیگن (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور کوپن ہیگن میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری یورپ عائشہ علی جبکہ ڈنمارک کے وفد کی قیادت تجارت و سرمایہ کاری کی اسٹیٹ سیکریٹری سفیر سوزین ہائیڈیلنڈ نے کی۔مذاکرات کے دوران سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، گرین ٹرانزیشن، توانائی، عوامی روابط، قونصلر امور اور کثیرالجہتی تعاون سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق مذاکرات میں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پاکستان نے گرین فریم ورک انگیجمنٹ ایگریمنٹ اور اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن کے تحت ڈنمارک کے مسلسل تعاون کو سراہا۔دونوں ممالک نے عوامی روابط کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں منعقد ہوگا۔



