پاکستان اور بھارت کے سابق اسٹارز آمنے سامنے، بڑا مقابلہ10اکتوبر کوہوگا

شارجہ (جانو ڈاٹ پی کے) ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کا تیسرا ایڈیشن 3 سے 18 اکتوبر تک شارجہ اور دبئی میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان سمیت 7 ممالک کے سابق اسٹار کرکٹرز ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

لیگ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کی چیمپئنز ٹیمیں شرکت کریں گی، جس سے کرکٹ شائقین کو ماضی کے معروف اور اسٹار کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

پاکستان چیمپئنز کے آنر کامل خان کے مطابق پاکستانی ٹیم 30 ستمبر کو دبئی روانہ ہوگی، جبکہ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان 28 ستمبر کو کیا جائے گا۔

کامل خان کے مطابق پاکستان چیمپئنز کے اعزاز میں 29 ستمبر کو لاہور میں خصوصی سینڈ آف تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں ٹیم کو ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل الوداع کیا جائے گا۔

لیگ کا سب سے زیادہ متوقع مقابلہ پاکستان چیمپئنز اور انڈیا چیمپئنز کے درمیان 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس پر شائقین کی خاص نظریں مرکوز ہیں۔

دوسری جانب ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ کے میچز کی ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہو چکی ہے، جس کے بعد شائقین نے سابق کرکٹ اسٹارز کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button