ٹرمپ کی ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی، ایرانی سفارتخانے کا فلمی انداز میں طنزیہ جواب

ہرارے (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد زمبابوے میں موجود ایرانی سفارتخانے نے روایتی سفارتی بیان کے بجائے فلمی انداز اختیار کرتے ہوئے امریکی صدر کو طنزیہ جواب دے دیا۔
ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر تیلگو فلم ’بھگونت کیسری‘ کا 58 سیکنڈ کا ایکشن سے بھرپور منظر شیئر کیا، جس میں تیلگو سپر اسٹار نندا موری بالا کرشنا سمیت دیگر کردار دو مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپ میں دکھائی دیتے ہیں۔
فلمی منظر میں دونوں جانب موجود افراد رائفلوں، حفاظتی ڈھالوں اور دیگر ہتھیاروں سے لیس نظر آتے ہیں، جس کے ذریعے سفارتخانے نے اپنے پیغام میں ایران کی دفاعی صلاحیت کی جانب اشارہ کیا۔
ویڈیو کے ساتھ ایرانی سفارتخانے نے ٹرمپ کے ایران کو تباہ کرنے سے متعلق بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو تباہ کرنے کی بات کر رہا ہے، تاہم ایران اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سفارتخانے نے مزید طنزیہ انداز میں لکھا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر ان دنوں ہالی ووڈ کے بجائے بالی ووڈ کی فلمیں دیکھ رہے ہیں۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے یہ فلمی جواب ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں اپنے سامنے موجود دو راستوں کا ذکر کیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کے سامنے ایک بڑا فیصلہ ہے۔ ان کے بقول ایک راستہ ایسا معاہدہ ہے جس کے ذریعے ایران کو دوبارہ تعمیر ہونے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ملک بننے کا موقع دیا جاسکتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ اسلامی جمہوریہ ایران کو تیزی سے تباہ کرنا ہے۔
ایرانی سفارتخانے کی سوشل میڈیا پوسٹ نے ٹرمپ کے بیان کے جواب میں سفارتی زبان کے بجائے مقبول فلمی منظر کا سہارا لے کر معاملے کو منفرد انداز میں پیش کیا، جس نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی۔



