پشاور میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، اہلکار شہید، دہشت گرد ہلاک

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر ورسک روڈ کے علاقے گڑھی شیرداد میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ سی ٹی ڈی اہلکار محمد افاق شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ 3 خودکش حملہ آور پشاور میں داخل ہوچکے ہیں اور ایک حساس تنصیب کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔انٹیلی جنس معلومات اور تکنیکی تجزیے کی بنیاد پر سی ٹی ڈی ٹیموں، ڈسٹرکٹ پولیس اور متعلقہ انٹیلی جنس ادارے کے اہلکاروں نے گڑھی شیرداد، ورسک روڈ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران علاقے میں مؤثر ناکہ بندی قائم کی گئی جبکہ ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی۔ اسی دوران ایک دہشت گرد چھت پر پہنچا اور سی ٹی ڈی پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔بیان کے مطابق اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران سی ٹی ڈی اہلکار محمد افاق نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 3 دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں مذکورہ دہشت گرد بھی ہلاک کردیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 3 ہیڈ بینڈز بھی برآمد ہوئے جن پر کلمہ طیبہ درج تھا۔ باقی 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرچ آپریشن مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button