15برس کا انتظار ختم،اسلام آباد ماڈل جیل کا اگلے ماہ افتتاح کا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) 15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ بالآخر تکمیل کے قریب پہنچ گیا، وفاقی حکومت نے منصوبے کا افتتاح آئندہ ماہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ماڈل جیل اسلام آباد منصوبے پر جاری کام اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے کے باقی ماندہ تمام کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور ہر صورت مکمل کیے جائیں۔محسن نقوی نے کہا کہ 15 برس سے زیر التوا ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل میں اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی سطح پر غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے باہمی رابطے کے ساتھ کام کیا جائے اور افتتاح سے قبل تمام معاملات نمٹائے جائیں۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے منصوبے کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے پر کام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اسے مقررہ وقت میں مکمل کرایا جائے گا۔اجلاس میں ماڈل جیل کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں، انتظامی امور اور افتتاح سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے، فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی این سی سی آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔



