ترکمانستان نے ایرانی طیارے کو فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ترکمانستان نے ایرانی طیارے کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس کے باعث ایرانی پرواز کو واپس تہران لوٹنا پڑا۔ایرانی سول ایوی ایشن کے مطابق طیارے کو ہنگامی طور پر تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان مجید اخوان نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات جانے والی تمام ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پروازوں کی معطلی کے حوالے سے ایران کو تاحال باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔ایرانی سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق اماراتی ہوائی اڈوں کے ڈپارچر بورڈز سے ایرانی پروازوں کے شیڈول بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔ترکمانستان کی جانب سے ایرانی طیارے کو فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ملنے اور متحدہ عرب امارات کے لیے ایرانی پروازوں کی منسوخی کے بعد خطے میں فضائی رابطوں سے متعلق صورتحال مزید توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔



