چشمہ ون نیوکلیئر پاور پلانٹ کا بڑا اعزاز،427روز مسلسل آپریشن کا ریکارڈ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چشمہ ون نیوکلیئر پاور پلانٹ نے 427 روز مسلسل، محفوظ اور بلا تعطل آپریشن کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا، جبکہ پلانٹ سے بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 87 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق چشمہ ون نیوکلیئر پاور پلانٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیکس میں مسلسل دو سہ ماہیوں کے دوران 100 اسکور حاصل کیا۔
اعلامیے کے مطابق چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ اسٹیشن سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 6 روپے 87 پیسے ہے، جو پن بجلی کے بعد ملک میں بجلی پیدا کرنے کے سستے ذرائع میں شامل ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 530 میگاواٹ ہے، جو ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
پی اے ای سی کے مطابق چشمہ ون کا مسلسل 427 روز تک محفوظ اور بلا تعطل آپریشن انجینئرز، سائنسدانوں اور دیگر عملے کی تکنیکی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ٹیم ورک کا مظہر ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چشمہ ون کی یہ کامیابی پاکستان کے توانائی کے تحفظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کردار کو مزید اجاگر کرتی ہے۔



