پی ٹی آئی کے 2 ایم این ایز کی نظربندی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ سے قبل پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کی نظربندی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کردی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں وفاق کو ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دونوں ارکان قومی اسمبلی کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت احکامات جاری کیے، جس کے بعد انہیں حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا گیا۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے 20 ستمبر کو جاری کیے گئے نظربندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ دونوں ارکان کو وکیل اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور جیل قوانین و ضوابط کے تحت انہیں تمام جائز سہولیات فراہم کی جائیں۔



