اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی ملاقات، مذاکرات اور سفارت کاری پر زور

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔



