اسلام آباد آنے والے راستے بند، ایم ون پر ٹریفک معطل، احتجاجی قافلوں کو روکنے کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ممکنہ سیاسی احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد آنے والے اہم راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت محدود کردی گئی ہے، جبکہ احتجاجی قافلوں کو وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیوی ٹرالرز راستے میں کھڑے کرکے موٹروے کو بند کیا گیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون پر اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دستیاب متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر بند کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ راستے تاحکم ثانی بند رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد آنے والی ایم ٹو پر ہیوی ٹریفک اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد داخلے پر پابندی کی اطلاعات ہیں، جبکہ بڑی گاڑیوں کے لیے جی ٹی روڈ کو متبادل راستہ مقرر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے اہم راستوں، خصوصاً موٹروے اور جی ٹی روڈ کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ احتجاجی قافلوں کی ممکنہ آمد روکنے کے لیے مختلف مقامات پر رکاوٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 26 نمبر چونگی اور مارگلہ ٹیکسلا کے قریب خندقیں کھودی جائیں گی، جبکہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے دیگر راستوں پر بھی رکاوٹیں قائم کی جائیں گی۔
ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو صورتحال کی مسلسل نگرانی اور ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی تجویز
دوسری جانب راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ پنجاب محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے راولپنڈی کے مخصوص علاقوں میں 2G، 3G اور 4G نیٹ ورک کی جیمنگ جبکہ اٹک میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔
مراسلے میں موٹروے پر براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ یا جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔



