پنجاب اسمبلی میں کفایت شعاری کا بڑا فیصلہ، سرکاری ٹرانسپورٹ کے اخراجات 50 فیصد کم ہوں گے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے نئے اقدامات نافذ کرتے ہوئے ان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔

کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اسمبلی میں سیکیورٹی گاڑیوں کی تعداد بھی کم کرکے ایک ایسکارٹ تک محدود کردی گئی ہے۔

نئے اقدامات کے تحت غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند رکھے جائیں گے اور 70 فیصد توانائی بچت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ توانائی کے استعمال میں مزید کمی کے لیے اسمبلی اجلاس غروبِ آفتاب سے قبل شیڈول کیے جا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ناگزیر ہونے کی صورت میں آن لائن منعقد کیے جائیں گے، جبکہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد بھی کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم پہلے سے شروع کیے گئے پروکیورمنٹ کے عمل کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

نئے کفایت شعاری اقدامات کا مقصد سرکاری اخراجات، ایندھن اور توانائی کے استعمال میں کمی لانا اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button