موٹروے کے مختلف حصے آج شام سے بند، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) موٹروے پولیس نے اعلان کیا ہے کہ آج شام سے موٹروے کے مختلف مقامات ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے، جبکہ شہریوں کو بالخصوص موٹروے ایم ون پر سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔ اس کے علاوہ فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور تراپ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ داؤد خیل، کوٹ بیلیاں اور عیسیٰ خیل انٹرچینجز بھی ٹریفک کیلئے بند رکھے جائیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے بند رہے گی، جبکہ جی ٹی روڈ این 5 بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند ہوگی۔
ترجمان کے مطابق ایم 2 پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی آج سے بند رہے گا۔ بڑی گاڑیوں کو مختلف مقامات سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ ایم 2 اور ایم 3 سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو سے جی ٹی روڈ پر منتقل کیا جائے گا۔



