آسٹریلیا سے ایف 35 طیاروں کے پرزے امریکا کے بجائے غلطی سے ہانگ کانگ پہنچ گئے،تحقیقات شروع

لندن(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کے کچھ پرزے غلطی سے ہانگ کانگ منتقل ہوگئے جس کے بعد امریکا میں اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلز نے ایڈیلیڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور وہ امریکا اور ایف 35 بنانے والی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ مل کر تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے۔

یہ پرزے آسٹریلیا سے امریکا مرمت کے لیے بھیجے جا رہے تھے تاہم رواں سال گرمیوں میں دوران سفر ان کی ترسیل کا راستہ تبدیل ہوگیا اور سامان ہانگ کانگ پہنچ گیا۔ یہ شپمنٹ لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے ایک درمیانی کمپنی کے ذریعے منتقل کی جا رہی تھی۔

امریکی محکمہ دفاع نے بھی تصدیق کی ہے کہ ناقابل استعمال ایف 35 لائٹننگ ٹو کے بعض پرزوں کی شپمنٹ میں مسئلہ پیش آیا ہے۔

امریکی حکام ان پرزوں کی واپسی، واقعے کی تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔

آسٹریلوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق لاپتا شپمنٹ میں حساس نوعیت کے پرزے شامل نہیں تھے۔

تاہم امریکی کانگریس کی قومی سلامتی سے متعلق کمیٹیوں کے عملے کو اس معاملے پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔

لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث وہ مخصوص شپمنٹس کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کرسکتی تاہم ایف 35 پروگرام کی عالمی سپلائی چین میں سخت حفاظتی اقدامات اور امریکی دفاعی ضوابط پر عمل کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button