اقوام متحدہ میں ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے، شرکا کی تالیاں

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اپنی اہلیہ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کی انسانی ہمدردی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف کردی۔
اپنی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنی ’’عظیم خاتونِ اوّل‘‘ کی غیر معمولی خدمات کو سراہنا چاہتے ہیں، جنہوں نے روس یوکرین جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے بچوں کو محفوظ طریقے سے ان کے خاندانوں سے ملوانے کے لیے کام کیا۔
ٹرمپ نے میلانیا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھا کام کر رہی ہیں اور انہوں نے اس مقصد کے لیے بہت محنت کی ہے۔
امریکی صدر نے تقریب کے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے میلانیا کے بارے میں دریافت کیا کہ ’’خاتونِ اوّل کہاں ہیں؟‘‘ تاہم انہیں ہال میں نظر نہ آنے پر انہوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا۔
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ میلانیا ٹرمپ رواں سال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرنے والی تاریخ کی پہلی خاتونِ اوّل بنیں اور انہوں نے یہ ذمہ داری بھی بہترین انداز میں انجام دی۔
امریکی صدر کے مطابق میلانیا اسی روز ’’Futuro Juntos‘‘ نامی اجلاس کی میزبانی کر رہی تھیں، جس میں دنیا بھر کے نوجوانوں کی زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے تقریباً 60 ارکان شریک ہیں۔
ٹرمپ کی جانب سے اپنی اہلیہ کی سماجی اور انسانی خدمات کے اعتراف پر جنرل اسمبلی میں موجود شرکا نے تالیاں بجا کر اظہارِ تحسین کیا۔



