پیوٹن اور محمد بن سلمان کااہم ٹیلی فونک رابطہ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرغور،آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق

ماسکو (جانو ڈاٹ پی کے) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، دو طرفہ تعلقات اور خطے میں جاری کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سیاسی اور سفارتی حل کو آگے بڑھنے کا قابلِ عمل راستہ قرار دیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پیوٹن اور محمد بن سلمان نے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں سے بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے یمن میں بگڑتی ہوئی فوجی اور سیاسی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔روسی صدارتی دفتر نے کہا کہ باب المندب اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کی اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button