پاکستان کی امن کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشکر

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ایران امریکا تنازع کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیامِ امن کے لیے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم رہا ہے، جبکہ تنازع کے مستقل حل کے لیے مذاکرات کا آغاز ضروری ہے۔ ان کے مطابق سفارتی کوششوں کا تسلسل ہی ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
اسٹیفن ڈوجارک نے اسلام آباد میں ہونے والی امریکا ایران مفاہمتی کوششوں کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے سفارتی عمل جاری رہنا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اس سے قبل بھی متعدد ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے سراہا جا چکا ہے۔



