اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات،ایرران کے موضوع پر غور

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارو سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کا جائزہ لیا اور خطے سمیت عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر گفتگو کی۔اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں جانب سے باہمی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ روابط کے فروغ کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حل اور دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔فریقین نے ایران کی صورتحال اور خطے میں سفارتی روابط کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد ایم او یو پر مؤثر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی، جبکہ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔



