کراچی کی ریلی ریفرنڈم تھی، عوام نے تاریخ رقم کردی،خالد مقبول صدیقی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پارٹی کی ریلی کو ’’ریفرنڈم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے تمام رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر تاریخ رقم کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم کے لیے قدم قدم پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تاہم کراچی کے عوام نے تمام رکاوٹوں کے باوجود کامیاب ریلی نکالی۔

انہوں نے کہا کہ ریلی نے بہت سی سازشوں کو خاک میں ملا دیا ہے، جبکہ وہ کامیاب ریلی پر ایم کیو ایم کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے سڑکوں پر آکر خود کو منوا دیا اور یہ بھی واضح کردیا کہ کراچی بانیانِ پاکستان کی اولادوں کا مسکن ہے۔ ان کے بقول پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی ریلی اور مارچ نہیں ہوا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ انتظامی یونٹس ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کی آبادی کا تقریباً 57 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاگیردارانہ نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان کا مستقبل نہیں ہوسکتا اور خاندانی حکومتوں کے اختتام کا وقت آچکا ہے۔

چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ان کی نیتوں اور صبر کا پھل دیا۔ ان کے مطابق ریلی کے بعد بھی سازشوں کے نئے منصوبے بنائے جائیں گے، تاہم ’’صبر کبھی بھی جبر کے ہاتھوں شکست نہیں کھاتا‘‘۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مصنوعی اکثریت کے ذریعے سندھ کے شہری علاقوں کو غلام بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم نے مردم شماری میں 70 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کرایا۔

انہوں نے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایک یونین کونسل میں جاکر نمازِ شکرانہ ادا کی جائے گی۔ خالد مقبول صدیقی کے مطابق نئے منصوبے بھی بنیں گے اور سازشیں بھی ہوں گی، تاہم جدوجہد جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button