پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج تیز، اسلام آباد مارچ کا اعلان اٹل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوامی ریلیف کے مطالبے پر جماعت اسلامی کی حکومت کے خلاف احتجاجی مہم جاری ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں ٹرین مارچ سکھر پہنچ گیا، جہاں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر کارکنوں اور عوام کی جانب سے استقبال کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کی پُرامن، جمہوری اور آئینی مزاحمت نے نئی سیاسی تاریخ رقم کردی ہے اور احتجاج کے دوران 510 سڑکوں کی بندش اور 40 مقامات پر دھرنوں سے حکومت پر مسلسل دباؤ بڑھا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومت کو پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور متبادل آمدن کے لیے 6 قابلِ عمل تجاویز بھی پیش کی ہیں، تاہم ان کے بقول حکومت اپنی کمزوریوں کے باعث ضروری اور بنیادی اقدامات کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم کی واپسی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات تک مہلت مانگی ہے، تاہم جماعت اسلامی کے مطابق مزید تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔

لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد سپر لانگ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے اور ان کے بقول حکومت کی جانب سے تاخیری حربے احتجاجی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایندھن کی قیمتوں اور اضافی مالی بوجھ کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیاسی اختلافات نمایاں ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button