فیول ریلیف سے کوئی مستحق شہری محروم نہیں رہنا چاہیے، حمزہ شہباز

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کوئی بھی مستحق شہری لاعلمی یا ڈیجیٹل مشکلات کے باعث فیول ریلیف سے محروم نہیں رہنا چاہیے، ریلیف کا اصل مقصد صرف اعلان کرنا نہیں بلکہ ہر مستحق گھر تک اس کا فائدہ پہنچانا ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے جائزہ اجلاس میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 28 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز اور 15 لاکھ سے زائد افراد کا مستفید ہونا بڑی پیش رفت ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ریاست ان شہریوں تک خود پہنچے گی جو اپنی مدد کے لیے نظام تک نہیں پہنچ سکتے۔ فیول ریلیف مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسکیم کا دائرہ مزید وسیع کرنے اور طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور ریلیف کے استعمال کے عمل کی روزانہ کی بنیاد پر آئی ٹی اور ڈیٹا مانیٹرنگ کی جائے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عوامی فیڈبیک کی روشنی میں اسکیم کو مزید بہتر بنایا جائے اور آنے والے دنوں میں زیادہ مستحق خاندانوں تک فیول ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔



