پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانےکا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےلانگ مارچ کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ جانےکا اعلان کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہےکہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی نہیں ہوگا، احتجاج کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ محسن نقوی کا لہجہ افسوسناک ہے،کیا حکومتی وزرا کا کام اپوزیشن کو اس طرح کی دھمکیاں دینا ہےکہ گولیاں چلائی جائیں گی۔
خیال رہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 27 ستمبر کے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے خلاف درخواست پر 37 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا ہےکہ ایسی سرگرمی جس سے بنیادی حقوق متاثر ہوں وہ آئین کی خلاف ورزی تصور ہوگی، اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف وزری آئین کی خلاف ورزی تصور ہوگی، ذمہ دار شخص کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو شاہراہیں اور راستے بند کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں، صوبائی حکومتیں اسلام آباد مارچ کےلیے سرکاری وسائل اور فنڈز کا استعمال نہ کریں، سرکاری گاڑیوں اور مشینری کو لانگ مارچ کی سہولت کےلیےاستعمال کرنے پرمکمل پابندی ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ غیر قانونی احکامات کی صورت میں سرکاری ملازمین کے لیے فوری ہیلپ لائن قائم کی جائے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور شہریوں کےحقوق متاثر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عدالت نے کہا کہ عوامی عہدہ رکھنے والا اگر آئین و قانون کی خلاف ورزی کرے تو وہ اپنے حلف سے انحراف کا مرتکب ہوگا، سرکاری عہدیدارکی وجہ سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے تو اسے حلف کی خلاف ورزی تصور کیا جائےگا، آئین اور قانون کی خلاف ورزی پر ذمہ دار سرکاری افراد کو نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔



