کوہاٹ حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کرنے پر شاہین اور شاہد آفریدی کی سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کرنے پر پاک فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ رات بھر جاری آپریشن میں سیکیورٹی اداروں کی محنت، بہادری، قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت قابلِ تعریف ہے، یہی جذبہ پاکستان کو محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور دعا ہے کہ اللہ پاکستان، قوم اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت فرمائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے بھی پولیس، سی ٹی ڈی اور مسلح افواج کی بہادری اور فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں موجود اہلکاروں کی حفاظت کے لیے دعا کی۔

خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز میں دہشت گرد حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن میں ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔

حملے میں میں 16 پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید ہوئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے مسجد کے قریب بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑانے کے بعد پولیس کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی، جس کے دوران 24 گاڑیوں اور 60 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ کرک اور ہنگو کی ٹیموں نے بھی معاونت کی۔

مزید خبریں

Back to top button