اسحاق ڈار اور عباس عراقچی میں رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں پر بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی سپلائی چینز کے لیے بھی اہم ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی قابلِ عمل ذرائع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔



