وزیراعظم فیول ریلیف سکیم، رجسٹریشن فیس ختم، پابندیاں بھی ہٹا دی گئیں

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر مفت کر دیا گیا ہے جبکہ پٹرول ریلیف سے متعلق سابقہ پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے خصوصی فیول ریلیف پروگرام شروع کیا ہے، جبکہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو مزید مختلف طریقوں سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حساس معلومات اور ذاتی ڈیٹا کسی غیرمصدقہ شخص یا ذریعے کے ساتھ شیئر نہ کریں اور فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن صرف مقررہ طریقہ کار کے مطابق کرائیں۔
شزہ فاطمہ کے مطابق 5 لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 روپے کی رعایت ملے گی۔ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے تمام موٹر سائیکل، رکشے اور چنگ چی بھی سکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، جبکہ ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پٹرول کی حد بھی ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 14 سے 19 ستمبر کے دوران تقریباً 17 لاکھ 50 ہزار شہری فیول ریلیف سکیم میں شامل ہوئے، جن میں 91.6 فیصد رجسٹریشنز دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق 18 ستمبر کو ایک ہی روز 5 لاکھ 11 ہزار 961 شہریوں نے رجسٹریشن کرائی، جو سکیم میں رجسٹریشن کے حوالے سے اب تک کا مصروف ترین دن رہا۔ 14 ستمبر کو 38 ہزار 974، 15 ستمبر کو ایک لاکھ 49 ہزار 412، 16 ستمبر کو 3 لاکھ 49 ہزار 935 اور 17 ستمبر کو 3 لاکھ 85 ہزار 406 رجسٹریشنز ہوئیں۔
شزہ فاطمہ نے بتایا کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ایک لاکھ 21 ہزار 991 فیول ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ صرف 18 ستمبر کو 4 لاکھ 87 ہزار 196 فیول ٹوکن جاری ہوئے۔ اب تک 6 لاکھ 55 ہزار 67 شہری فیول ریلیف حاصل کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیول ریلیف سکیم سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری 9771 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔



