27ستمبر لانگ مارچ سے پہلے بڑا حکم، کے پی حکومت نے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی لگا دی

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری وسائل کے استعمال پر بڑا فیصلہ کرلیا، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے تمام اداروں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے اسلام آباد جانے والے کسی بھی مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کوئی سرکاری اہلکار یا ادارہ ایسے کسی حکم پر عمل نہیں کرے گا جس سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوتی ہو۔

چیف سیکریٹری نے انتظامی سیکریٹریز، محکموں کے سربراہان، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مراسلے کے مطابق کسی سرکاری ملازم کو سیاسی مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا، جبکہ سرکاری گاڑیوں، مشینری، سرکاری فنڈز یا دیگر وسائل کو ایسے کسی سیاسی اجتماع کے لیے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے گا۔

چیف سیکریٹری نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اگر کسی سرکاری اہلکار کو عدالتی احکامات کے منافی اقدام پر مجبور کیا جائے تو وہ فوری طور پر چیف سیکریٹری یا آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو اطلاع دے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی تھی کہ سرکاری وسائل، سرکاری افسران، گاڑیاں یا دیگر سرکاری مشینری کسی مارچ، جلوس یا ریلی کی سہولت کاری کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا تھا کہ کسی سرکاری ملازم کو کسی مارچ یا احتجاج میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اس مارچ کی قیادت کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

یوں 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق عدالتی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے خیبرپختونخوا میں انتظامی سطح پر واضح احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button