پٹرول پرایک اور بڑا ریلیف،کم پٹرول استعمال کرنے والوں کیلئے4ٹوکن کااعلان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول ریلیف اسکیم میں ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کم مقدار میں پیٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کو بھی خصوصی رعایت دینے کا اعلان کردیا۔

حکومت کے مطابق اب 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کو ہر ہفتے 500 روپے کی رعایت ملے گی۔ اس مقصد کے لیے ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4 ٹوکن فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں کامیاب اجرا ہوچکا ہے اور اس کے تحت اہل صارفین کو 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے موصول ہونے والی آرا اور اسکیم سے متعلق تجاویز کی روشنی میں کم پیٹرول استعمال کرنے والے افراد کے لیے بھی ریلیف کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ہر 10 روز میں 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کرسکیں گے، جبکہ انہیں ایک ماہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اس سے قبل اسکیم میں 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج بھی مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسکیم کے تمام پہلوؤں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ اہل افراد کو ریلیف کے دائرے میں شامل کیا جائے اور پیٹرول پر رعایت کی فراہمی آسان، باعزت اور بلا رکاوٹ بنائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button