معیشت کے محاذ پر بڑی خبر، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70 فیصد کمی!

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی معیشت کے محاذ پر اہم پیش رفت سامنے آگئی، اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر 70 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران بھی پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر 36 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، جسے بیرونی کھاتے میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ہوا۔
معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ کمپنیوں کے کارپوریٹ منافع میں بھی مالی سال 2026 کے دوران 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں سالانہ بنیاد پر 45 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں ابتدائی دو ماہ کے دوران 17 فیصد اضافہ ہوا اور یہ رقم 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق سروسز کی برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد جبکہ فری لانسرز کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بڑھ گئی، ایف ڈی آئی 316 ملین ڈالر ریکارڈ ہوئی، جس میں سالانہ بنیاد پر 80 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 77 فیصد اضافہ بتایا گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی ترسیلات زر 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ انویسٹ پاک کے ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد 12 ہزار 800 ہوگئی ہے۔
مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ میں 5 آئی پی اوز مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ مالی سال 2026 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 11 آئی پی اوز کیے گئے۔
پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ ملنا بھی عالمی سطح پر پاکستانی مالیاتی اقدامات کی پذیرائی کے طور پر سامنے آیا ہے۔



