جنگ اور کشیدگی جاری رہی تو خطے کا مستقبل تعمیر نہیں ہوسکتا،متحدہ عرب امارات

دبئی(جانو ڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خوشحالی براہِ راست متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، سعودی عرب کو درپیش کوئی بھی خطرہ امارات کو بھی متاثر کرتا ہے۔
عرب میڈیا سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہا کہ خطے میں جنگ اور کشیدگی جاری رہنے کی صورت میں مستقبل کی تعمیر ممکن نہیں، اس لیے بحران سے نکلنے اور علاقائی استحکام کی بحالی کے لیے کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ رابطے اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنا اہم ہے۔ ان کے مطابق موجودہ بحران کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے بھی ایران کے ساتھ نئے مفاہمتی راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
انور قرقاش نے کہا کہ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان جغرافیہ، تاریخ اور باہمی مفادات ایسے عوامل ہیں جن کے باعث رابطہ اور مکالمہ ضروری ہے، تاہم اعتماد کی بحالی ایک الگ عمل ہے جس میں وقت لگے گا۔
اماراتی صدارتی مشیر نے واضح کیا کہ مذاکرات اسی وقت مؤثر ہوسکتے ہیں جب خطے میں حملے اور دھمکیاں ختم ہوں۔ ان کے مطابق نئی علاقائی صورتحال کے لیے مذاکرات کا راستہ اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے جب جارحیت کا سلسلہ روکا جائے۔
انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا، تاہم اس کے ساتھ ایران کے ساتھ رابطے اور سفارتی مکالمے کا راستہ بھی کھلا رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی باہم جڑی ہوئی ہے اور ایک مستحکم و خوشحال سعودی عرب متحدہ عرب امارات کے مفاد میں ہے۔



