آبنائے ہرمز کب کھلے گی؟ ایران نے ٹرمپ اور نیتن یاہو سے متعلق بڑی شرط رکھ دی

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرلیا، ایرانی رہبرِ انقلاب کے سیاسی مشیر محمدباقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محمدباقر ذوالقدر نے ایک پیغام میں آبنائے ہرمز کی بندش کو ایرانی قوم کے ’’انتقام کا پہلا مرحلہ‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے وجود، شناخت، آزادی اور اپنے اعلیٰ اہداف کے دفاع کے لیے کھڑی ہے۔

ذوالقدر کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اپنے بقول جارح دشمن کا مقابلہ کرے گی اور سامراجی قوتوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی۔

ایرانی عہدیدار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیاں معمول سے نمایاں طور پر کم ہیں۔ رائٹرز کے مطابق 17 ستمبر کو صرف چار کموڈیٹی جہاز آبنائے سے گزرے، جبکہ گزشتہ 10 روز کی اوسط یومیہ آمدورفت 16 جہاز تھی۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس میں مسلسل رکاوٹ عالمی تیل و گیس کی ترسیل اور توانائی کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button