سعودی عرب کو 48 ایف 35 طیارے ملنے کی راہ ہموار، امریکا کا بڑا دفاعی فیصلہ

واشنگٹن(جانو ڈاٹ پی کے): امریکا نے سعودی عرب کو جدید 48 ایف 35 لائٹننگ ٹو جنگی طیارے فروخت کرنے کی ممکنہ منظوری دے دی، مجوزہ دفاعی پیکیج کی مالیت تقریباً 24.3 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اس ممکنہ فروخت سے متعلق کانگریس کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مجوزہ پیکیج میں 48 ایف 35 طیاروں کے علاوہ 49 پراٹ اینڈ وٹنی ایف 135 انجن، مواصلاتی نظام، اسپیئر پارٹس، تربیتی آلات، سمیولیٹرز اور دیگر لاجسٹک و تکنیکی معاونت بھی شامل ہے۔

یہ سعودی عرب کی جانب سے ایف 35 طیارے حاصل کرنے کی پہلی ممکنہ ڈیل ہوگی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت، ملکی دفاع اور امریکی و دیگر اتحادی افواج کے ساتھ باہمی تعاون بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

تاہم یہ معاہدہ ابھی حتمی فروخت نہیں ہے۔ امریکی کانگریس کے جائزے اور منظوری کا مرحلہ باقی ہے، جبکہ رپورٹس کے مطابق منظوری کی صورت میں بھی طیاروں کی فراہمی فوری طور پر نہیں بلکہ کئی برس میں متوقع ہوگی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ مجوزہ فروخت سے خطے کا فوجی توازن تبدیل نہیں ہوگا، جبکہ سعودی عرب کے لیے ایف 35 طیاروں کی ممکنہ فراہمی مشرق وسطیٰ میں امریکی دفاعی پالیسی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button