جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

جدہ(جانوڈاٹ پی کے) کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے طیارے میں پارکنگ کے دوران انجن نمبر 2 میں آگ لگنے کا شبہ پیدا ہونے پر مسافروں کو ہنگامی طور پر طیارے سے باہر نکال لیا گیا، تاہم پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کردی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر طیارے کی پارکنگ کے دوران پیش آیا، جہاں انجن میں آگ کی اطلاع ملنے پر پائلٹ نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ہنگامی انخلا شروع کیا۔
مسافروں کو ایمرجنسی ایگزٹ سے سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت باہر نکالا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری طور پر فائر بریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے قریب پہنچے۔ پی آئی اے کے جدہ حکام نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور سکیورٹی حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ ایئرپورٹ حکام نے پی آئی اے عملے سے واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ طیارے نے جدہ ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی اور جیٹی پر لگنے کے بعد گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا۔ پائلٹ نے ایس او پیز کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے طیارے کی ایمرجنسی سلائیڈز کھول دیں۔
ترجمان کے مطابق کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے جبکہ باقی ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر آئے۔ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ لگنے کا شبہ غلط ثابت ہوا۔ واقعے کے باعث متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور روانگی 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق جدہ سے لاہور جانے والی پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر مسافر اپنے گھروں کو چلے گئے۔



