سفارتی حل کیلئے تیار، قومی خود مختاری کا دفاع کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارتی حل کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم اپنی قومی خودمختاری اور عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کے دفاع کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ تہران نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کی بحالی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، تاہم ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کی جانب واپس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین خطے میں کشیدگی میں اضافے اور اس کے یمن و بحیرہ احمر تک پھیلاؤ کا خواہاں نہیں۔

وانگ یی نے واشنگٹن اور تہران پر زور دیا کہ زیرِ التوا معاملات پر بامعنی مذاکرات کیے جائیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اتفاقِ رائے کی بنیاد پر مذاکراتی فریم ورک بحال کیا جائے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، اس لیے مسائل کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button