شہریوں سے کاغذات کی تصدیق کے نام پر ایک سال میں 12 ارب روپے بٹورنے کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)شہریوں کے کاغذات کی تصدیق میں غیر قانونی طور پر 12 ارب روپے اینٹھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کو وزارت خارجہ میں جمع کروائی گئی تحقیقاتی رپورٹ کی نقل موصول ہوگئی ہے جس میں کاغذات کی تصدیق کے سلسلے میں مافیا کی جانب  سے عوام سے پیسے بٹورنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ شہریوں سے کاغذات کی تصدیق کے غیرقانونی چینل استعمال کرنے کے 8 لاکھ روپے لیے جاتے رہے۔ مجموعی طور پر ایک سال میں 12 ارب روپے کی رقم غیر قانونی طور پر اکٹھی کی گئی۔

تحقیقاتی رپورٹ ڈی جی آڈٹ انسپیکشن ڈاکٹر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی نے تیار کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک نجی کوریئر کمپنی کا وزارت خارجہ کے ایک افسر سے مبینہ تعلق تھا۔ رپورٹ میں مبینہ مافیا سے جڑے ان افسران و اہلکاروں کے نام اور بیانات بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ مافیا میں سیکریٹری خارجہ کے دفتر میں کام کرنے والا افسر بھی شامل تھا۔ علاوہ ازیں مختلف ونگز کے ڈی جیز، سابق ایڈیشنل سیکریٹری اور سابق سفارتکار کے نام بھی رپورٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جولائی میں سیکریٹری خارجہ کے دفتر کو بھیجی گئی رپورٹ نیب یا تحقیقاتی ادارے کو نہیں بھجوائی گئی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سفارش کے باوجود ملوث افسران میں سے کئی کو بیرون ملک تعینات کیا گیا۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ کو جیو نیوز کی طرف سے سوالنامہ بھیجا گیا جس کا تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button